سرکار صلی اللّٰه علیہ وآلہ وسلم کے حُکم سے خرقہ عطا ہُوا
شیخ الاسلام حضرت بہاءالدّین زکریا مُلتانی رحمتہ اللّٰه علیہ مُرشِد کریم کی بارگاہ میں معرفت کی منازل طے فرما رہے تھے کہ ایک رات خواب دیکھا:'' ایک نُورانی مکان میں حضور نبی کریم صلی اللّٰه علیہ وآلہ وسلم تخت پر تشریف فرما ہیں۔شیخ شہابُ الدّین عمر سہروردی رحمتہ اللّٰه علیہ سرکار صلی اللّٰه علیہ وآلہ وسلم کی دائیں جانب ہاتھ باندھے کھڑے ہیں۔ایک جانب رسّی پر کئی خرقے ( یعنی وہ لباس جو شیخ اپنے مُرِید کو دے کر اسے خلافت و اجازت عطا کرے ) لٹکے ہوئے ہیں۔سرکارِ دوعالم صلی اللّٰه علیہ وآلہ وسلم نے بہاءالدّین زکریا رحمتہ اللّٰه علیہ کو طلب فرمایا۔شیخ شہاب الدّین عمر سہروردی رحمتہ اللّٰه علیہ نے شیخ بہاءالدّین رحمتہ اللّٰه علیہ کو سرکار صلی اللّٰه علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں پیش کِیا۔حضور نبی کریم صلی اللّٰه علیہ وآلہ وسلم نے شیخ شہاب الدّین سہروردی رحمتہ اللّٰه علیہ سے فرمایا! ایک خرقہ لو اور بہاء الدّین ( رحمتہ اللّٰه علیہ ) کو پہنا دو۔شیخ شہاب الدّین سہروردی رحمتہ اللّٰه علیہ نے حُکم کی تعمیل فرمائی۔ ''
صبح ہوتے ہی حضرت شیخ شہاب الدّین عمر سہرودی رحمتہ اللّٰه علیہ نے شیخ بہاءالدّین زکریا رحمتہ اللّٰه علیہ کو اپنے پاس بُلایا۔آپ رحمتہ اللّٰه علیہ حاضرِ خدمت ہوئے تو دیکھا کہ وہی مکان اور اسی طرح رسّی پر خرقے لٹکے ہوئے ہیں جیسے رات خواب میں دیکھے تھے۔
صبح ہوتے ہی حضرت شیخ شہاب الدّین عمر سہرودی رحمتہ اللّٰه علیہ نے شیخ بہاءالدّین زکریا رحمتہ اللّٰه علیہ کو اپنے پاس بُلایا۔آپ رحمتہ اللّٰه علیہ حاضرِ خدمت ہوئے تو دیکھا کہ وہی مکان اور اسی طرح رسّی پر خرقے لٹکے ہوئے ہیں جیسے رات خواب میں دیکھے تھے۔
حضرت شیخ شہاب الدین عمر سہروردی رحمتہ اللّٰه علیہ نے وہی رات والا خرقہ رسّی سے اُٹھایا اور حضرت بہاءالدّین زکریا رحمتہ اللّٰه علیہ کے کندھے پر رکھ کر فرمایا:'' بہاءالدّین ( رحمتہ اللّٰه علیہ )! یہ نبی پاک صلی اللّٰه علیہ وآلہ وسلم کے عطا کردہ خرقے ہیں،یہ آپ صلی اللّٰه علیہ وآلہ وسلم کے حُکم سے ہی دیے جاتے ہیں۔میں تو ایک درمیانی واسطہ سے زیادہ کچھ نہیں ہوں اور حضور نبی کریم صلی اللّٰه علیہ وآلہ وسلم کی اِجازت کے بغیر کسی کو نہیں دے سکتا اور حضور نبی پاک صلی اللّٰه علیہ وآلہ وسلم کی اِجازت کا معاملہ تو تم رات دیکھ ہی چکے ہو۔ ''
( خزینتہ الاصفیاء ٤/۳۹ )
Comments
Post a Comment