ایک لہو لہان مجذوب کی داستان





حضرتِ سیِّدُنا شبلی رح فرماتے ہیں کہ "ایک دفعہ میں نے ایک مجذوب دیکھا جسے بچے پتھر مار رہے تھے، اُس کا چہرہ اور سر لہولہان اور شدید زخمی تھا۔ میں اُن بچوں کو ڈانٹنے لگا تو انہوں نے کہا کہ ''ہمیں چھوڑ دو.! ہم اسے قتل کریں گے کیونکہ یہ کافر ہے اور کہتا ہے کہ اِس نے اپنے رب کو دیکھا ہے اور وہ اِس سے کلام بھی کرتا ہے۔'' تو میں نے بچوں سے کہا کہ "اسے چھوڑ دو، میں اسے سمجھاتا ہوں۔" میری بات سُن کر وہ سب چلے گئے پھر میں اُس کے پاس گیا تو وہ مسکرا کر باتیں کر رہا تھا اور کہنے لگا: ''اے خوبصورت نوجوان.! آپ کا احسان ہے، یہ بچے تو مجھے بُرا بھلا کہہ رہے تھے۔'' اِس کے بعد اُس نے پوچھا: ''وہ میرے متعلق کیا کہہ رہے تھے؟'' میں نے اُس کو بتایا کہ ''وہ کہتے ہیں کہ تم اپنے رب کو دیکھنے کا دعویٰ کرتے ہو اور یہ کہ وہ تم سے کلام بھی کرتا ہے۔'' یہ سُن کر اُس نے ایک زوردار چیخ ماری، پھر کہنے لگا کہ ''اے شبلی.! حق تعالیٰ کی محبت و قربت سے مجھے سکون ملتا ہے، اگر لمحہ بھر بھی وہ مجھ سے چھپ جائے تو میں دردِ فراق سے پارہ پارہ ہو جاؤں۔''
حضرتِ سیِّدُنا شبلی رح فرماتے ہیں کہ میں سمجھ گیا کہ یہ مجذوب اخلاص والے خاص بندوں میں سے ہے۔ میں نے اُس سے پوچھا کہ ''اے میرے دوست.! محبت کی حقیقت کیا ہے۔؟" تو اُس نے جواب دیا کہ ''اے شبلی.! اگر محبت کا ایک قطرہ سمندر میں ڈال دیا جائے تو وہ خشک ہو جائے یا وہ قطرہ پہاڑ پر رکھ دیا جائے تو وہ غبار کے بکھرے ہوئے باریک ذرّوں میں بدل جائے۔ لہٰذا اُس دِل پر کیسا طوفان گزرے گا جس کو محبت نے اضطراب اور گریہ و زاری کا لباس پہنا دیا ہو، اور سخت پیاس نے اُس کے اندر جلن اور حسرتِ دیدار کو بڑھا دیا ہو۔؟''
محبت ایک ایسا دانہ ہے جس کو دلوں کی زمین میں بویا جاتا ہے، گناہوں سے توبہ کے پانی سے سیراب کیا جاتا ہے، پھر وہ محبت کی بالیوں کو اُگاتا ہے۔ ہر بالی میں سو سو دانے لگتے ہیں، اگر اُن میں سے ایک دانہ دِلوں کے پرندوں کے لئے رکھ دیا جائے تو وہ محبوب کی محبت میں سخت پیاسے ہو جائيں۔ اللّٰہ ہی کے لئے سب خوبیاں ہیں کہ اُس کے ایسے بندے بھی ہیں جنہوں نے اپنے دل میں اپنے محبوب کے سوا کسی کے لئے کوئی جگہ نہیں چھوڑی، اللّٰہ ہی کے لئے اُن لوگوں کی خوبیاں ہیں جو اللّٰہ کی طرف مائل ہوئے، مال و دولت کو چھوڑ دیا، دنیاوی مال کی مشغولیت سے اعراض کیا، ماضی اور حال کی تبدیلی سے عبرت حاصل کی اور رزقِ حلال نے جاگنے میں اُن کی مدد کی۔
منقول واقعات

Comments

Popular posts from this blog

سرکار غوث اعظم رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کی کرامات

تذکرہ حضرت خواجہ بندہ نواز گیسو دراز رحمتہ الله علیہ

حضور باقی باالله کسے کہتے ہیں ؟